برطانیہ میں بھی کرائسٹ چرچ طرز کے حملوں کا خطرہ ہے، برطانوی وزیر

IQNA

برطانیہ میں بھی کرائسٹ چرچ طرز کے حملوں کا خطرہ ہے، برطانوی وزیر

12:00 - March 19, 2019
خبر کا کوڈ: 3505888
بین الاقوامی گروپ-بین ویلیس نے نیوزی لینڈ کی مسجدوں میں ہوئی دہشت گردی کی طرز پر برطانیہ میں بھی واقعات پیش آنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتہائی دائیں بازو کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

ایکنا نیوز- (بی بی سی) کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی وزیر بین ویلیس کا کہنا تھا کہ ‘یہ عین ممکن ہے کہ برطانیہ میں انتہائی دائیں بازو کی جانب سے نیوزی لینڈ طرز کے حملے ہوسکتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ نے ‘دائیں بازو کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرات پر نظر رکھا ہوا ہے’۔

برطانوی وزیر نے کہا کہ ‘یہ حملہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو ایک تنبیہہ سمجھنا چاہیے اور انہوں نے معذرت خواہ ہونا چاہیے کہ انہوں نے قتل وغارت کو براہ راست دکھایا اور پھیلایا’۔

 

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مسجدوں میں حملے کے دوران دہشت گرد نے فائرنگ کرتے ہوئے ویڈیو بنائی تھی اور اس کو فیس بک پر براہ راست نشر کررہا تھا اور یہ ویڈیو 17 منٹ تک ریکارڈ ہوئی۔

مسجدوں میں ہونے والے قتل و غارت کی براہ راست کوریج کے بعد اس کی ویڈیو کو سوشل میڈیا کے دوسرے ذرائع یوٹیوب اور ٹویٹر سے پوری دنیا میں پھیلا دیا گیا تھا۔

برطانوی وزیر نے کہا کہ ‘ہم اس بارے میں واضح ہیں کہ ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کو دہشت گردوں کا مواد فوری طور پر ہٹانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور جائے وقوع سے صارفین کو مزید مواد ملنے سے روکنا چاہیے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘حکومت ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو سنجیدہ لے رہی ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی بنائی ہے’۔

 

دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف حکومتی اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی دہشت گردی ‘چاہے نظریاتی، اسلامسٹ، انتہائی دائیں بازو، نیو نازی اور بائیں بازو کے انتہاپسند ہوں سب سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار ہے’۔

ویلیس نے کہا کہ ‘جہاں پر خطرہ جنم لے گا اس کو روکنے کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے براہ راست فنڈنگ کے لیے احکامات دیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اگر خطرات تبدیل ہورہے ہوں اور اگر ہم ایک قدم آگے بڑھتے ہیں تو اس کے لیے فنڈنگ ضروری ہے’۔

برطانوی وزیر نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ‘انتہائی دائیں بازو کا گروپ ہے جو دہشت گردوں کو مستقبل کے لیے تیار کریں گے’۔

خیال رہے کہ کرائسٹ چرچ میں دو مسجدوں میں دہشت گردی کے واقعے میں 50 نمازیوں کے جاں بحق ہونے کے بعد لندن میں ایک نمازی کو زخمی کردیا گیا تھا۔

نظرات بینندگان
captcha